نئی دہلی، 13 نومبر
۔ میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) کے انتخابات میں ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض سبکدوش ہونے والے میونسپل کونسلر حسیب الحسن اتوار کو شاستری پارک علاقے میں ٹاور پر چڑھ گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے انہیں تمام ضروری اصل دستاویزات جمع کرانے پر مجبور کیا، لیکن کارپوریشن انتخابات میں انہیں ٹکٹ نہیں دیا۔
اے اے پی لیڈر کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں ہر کسی کو الیکشن لڑنے کا حق ہے۔ وہ الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، لیکن عام آدمی پارٹی کے لیڈر ان کے اصلی کاغذات نہیں دے رہے ہیں۔ حسیب الحسن نے کہا کہ وہ برسوں سے پارٹی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وہ الیکشن کی تیاریوں میں مصروف تھے لیکن انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ اب وہ پارٹی سے اپنے کاغذات واپس لینے کا مطالبہ کرنے ٹاور پر چڑھ گئے ہیں۔
وہیں معاملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور حسیب الحسن کو منانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی حسیب الحسن شاستری نے پارک میں گندے نالے کی صفائی کے لیے نالے میں چھلانگ لگا کر صفائی شروع کر دی تھی۔ اس وقت بھی انہوں نے کافی سرخیاں بنائی تھیں۔ نالے میں چھلانگ لگانے کے بعد اس کے حامیوں نے اسے دودھ سے نہلا کر صاف کیاتھا۔