بھوپال،25 نومبر ۔
مدھیہ پردیش میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ کا جمعہ کو تیسرا دن ہے۔ کھرگون ضلع میں یہ یاترا کا تیسرا دن ہے۔ اس درمیان بی جے پی نے الزام لگایا ہے کہ یاترا کے دوران پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگائے گئے ہیں۔ اس کو لیکر بی جے پی راہل گاندھی پر حملہ آور ہے تو کانگریس نے اسے سازش بتاتے ہوئے قانونی کارروائی کی بات کہی ہے۔
بی جے پی کے ریاستی صدر وشنو دت شرما نے بروز جمعہ ٹویٹ کرکے یاترا کا ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے، ساتھ ہی لکھا ہے کہ بے حد شرمناک! کھرگون میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں سرعام ’’پاکستان زندہ آباد‘‘ کے نعرے سے کانگریس کی ملک توڑنے کی ذہنیت پھر سے منکشف ہوگئی ہے۔ یہ بار بار ثابت ہورہا ہے کہ یہ بھارت توڑو یاترا ہے۔ اس مذموم فعل کے لئے راہل گاندھی کو ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بھی ٹویٹ کے توسط سے کہا ہے کہ بھارت جوڑو یاترا میں پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگنا، یہ بھارت جوڑنا ہے یا بھارت کو توڑنے والوں کو ساتھ جوڑنا ہے۔ پہلے بھی بھارت توڑا ہے، کیا پھر بھارت توڑنے کا ارادہ ہے۔ پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگانے والے کسی بھی قیمت پر بچیں گے نہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
حالانکہ ویڈیو کو لیکر کانگریس رہنماؤں نے بھی اپنا رد عمل دیتے ہوئے صفائی دی ہے۔ پارٹی کے میڈیا انچارج جے رام رمیش نے ٹویٹ کیا، سب سے زیادہ کامیاب، بھارت جوڑو یاترا کو بدنام کرنے کے لئے بی جے پی کے ڈرٹی ٹرکس ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ ترمیم کردہ ویڈیو ریلیز کیا جارہا ہے۔ ہم فوراً ضروری کارروائی کر رہے ہیں۔
ادھر کانگریس کےریاستی ترجمان کے کے مشرا نے بی جے پی کے الزام کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یاترا میں ایسا کوئی نعرہ نہیں سنا، راہل گاندھی کی حمایت میں ہزاروں لوگ امڈ رہے ہیںِ یہ دیکھ کر بی جے پی بوکھلا گئی ہے۔ انہوں نے الٹا الزام لگایا کہ سازش کسی سنگھ اور بی جے پی کی نظریات کے آدمی کو ریلی میں اس کے لئے بھیجا گیا ہوگا۔ مشرا نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’بھارت توڑو کی جنک کشتی بھاجپائی نظریات راہل گاندھی کی یاترا سے گھبرائی۔۔۔ ترمیم کردہ ویڈیو کا استعمال کرکے اسے بدنام کرنے کی ناپاک کوشش کی۔ بی جے پی کے میڈیا انچارج لوکیندر پاراشر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایسی گھٹیا سازشیں ہمارے غیر متزلزل مقاصد کو ہلا نہیں پائیں گی۔
راہل گاندھی کی بہن اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا، راجستھان کے نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ، ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ، سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ سمیت ایم پی کانگریس کے تمام بڑے لیڈر بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لے رہے ہیں۔ یاترا کھرگون ضلع کے کھیردا گاؤں سے صبح 6 بجے شروع ہوئی اور مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔ یاترا کا جگہ جگہ کانگریس کارکنان اسٹیج کے توسط سے شاندار استقبال کر رہے ہیں۔