جموں،24 اکتوبر ۔
جموں کے بین الاقوامی سرحد پر بارڈر سکیورٹی فورسز اور پاکستان رینجرز نے دیوالی کے موقع پر مٹھائی کا تبادلہ کیا۔بی ایس ایف کے ترجمان نے کہاکہ دیوالی کے موقع پر بی ایس ایف اور پاک رینجرز نے جموں فرنٹیئر کے تحت مختلف بی او پیز پر بہت ہی خوشگوار ماحول میں مٹھائی کا تبادلہ کیا۔ترجمان کے مطابق مٹھائی کا تبادلہ تمام بی او پی کے ساتھ سانبہ، کٹھوعہ، آر ایس پورہ اور اکھنور سرحد پر کیا گیا۔بی ایس ایف نے پاک رینجرز کو مٹھائی پیش کی اور رینجرز نے بھی مٹھائی کا جواب دیا۔ بی ایس ایف ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے قدم ایک پرامن ماحول اور دونوں سرحدی محافظ افواج کے درمیان سرحد پر خوشگوار تعلقات بنانے میں مدد کرتے ہیں۔دیوالی کا تہوار ہندو مذہب کا سب سے بڑا تہوار ہے جس کو اس مذہب سے وابستہ لوگ دنیا بھر میں انتہائی مذہبی جوش وخروش اور احترم و عقیدت سے مناتے ہیں۔