Friday, March 29, 2024
الرئيسيةNewsملک کے دوسرے چیف آف ڈیفنس اسٹاف انل چوہان نے چارج سنبھالا

ملک کے دوسرے چیف آف ڈیفنس اسٹاف انل چوہان نے چارج سنبھالا

نئی دہلی، 30 ستمبر

ملک کے دوسرے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) انل چوہان نے جمعہ کو چارج سنبھال لیا۔ سی ڈی ایس انلچوہان نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی حیثیت سے میں تینوں دفاعی افواج کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ ہم مل کر تمام چیلنجز اور مشکلات کا مقابلہ کریں گے۔

سی ڈی ایس انل چوہان نے آرمی چیف جنرل منوج پانڈے، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل وی آر چودھری، بحریہ کے وائس چیف وائس ایڈمرل ایس این گھورمڈے کے ساتھ آج صبح نیشنل وار میموریل کا دورہ کیا اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں یاد کیا۔گلہائے عقیدت پیش کرنے کی تقریب کے بعد سی ڈی ایس انل چوہان نے کہا کہ انہیں ہندوستانی مسلح افواج میں اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہونے پر فخر ہے۔ مجھے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) کا چارج سنبھالنے پر بے حد فخر ہے۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی حیثیت سے میں تینوں دفاعی افواج کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ ہم مل کر سیکورٹی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کی کوشش کریں گے۔

نئے سی ڈی ایس کو دہلی کے ساوتھ بلاک میں گارڈ آف آنر دیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل انل چوہان (ریٹائرڈ) کو بدھ کے روز نیا چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) مقرر کیا گیاتھا۔ مسلح افواج کے سربراہ کا یہ عہدہ ملک کے پہلے سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت کے بعد 10 ماہ سے خالی تھا۔ لیفٹیننٹ جنرل چوہان نے فوج کی شمالی کمان میں اہم بارہمولہ سیکٹر میں انفنٹری ڈویژن کی کمان سنبھالی تھی۔ بعد میں لیفٹیننٹ جنرل کے طور پر انہوں نے شمال مشرق میں ایک کور کی کمانڈ کی قیادت کی۔ اس کے بعد وہ ستمبر 2019 سے ایسٹرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف بنے اور مئی 2021 میں اپنی ریٹائرمنٹ تک اس عہدے پر فائز رہے۔

اس سے قبل وہ انگولا میں اقوام متحدہ کے مشن کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ فوج میں ان کی ممتاز اور شاندار خدمات کے لیے انہیں پرم وششٹ سیوا میڈل، اتم یدھ سیوا میڈل، اتی وششٹ سیوا میڈل، سینا میڈل اور وششٹ سیوا میڈل سے نوازا گیا۔ فوج میں 40 سال سے زیادہ پر محیط کیریئر میں، انہیںجموں و کشمیر اور شمال مشرقی ہندوستان میں انسداد دہشت گردہ مہمات کا وسیع تجربہ ہے۔ 18 مئی 1961 کو پیدا ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل انل چوہان نے 1981 میں ہندوستانی فوج کی 11 گورکھا رائفلز میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڑکواسلا اور انڈین ملٹری اکیڈمی، دہرادون کے سابق طالب علم ہیں۔

RELATED ARTICLES

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا

Most Popular

Recent Comments