نئی دہلی، 09 نومبر
۔ دہلی ہائی کورٹ نے میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) انتخابات کی تاریخ سے متعلق نوٹیفکیشن پر روک لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک بار انتخابی شیڈول کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اسے روکا نہیں جا سکتا۔ عدالت نے حدبندی کو چیلنج کرنے والی درخواست پر نوٹس جاری کیے ہیں۔
حد بندی کے خلاف دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت نے بنیادی تصور اورکئے گئے وعدوں سے الگ جمہوری اقدار کوطاق پر رکھ کر حد بندی رپورٹ تیار کی ہے۔ اس میں وارڈز میں آبادی کی مساوات کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے دلت اور اقلیتی طبقے کو الگ تھلک کرکے قوانین کی مکمل خلاف ورزی کی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے وارڈوں کی حد بندی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کارپوریشن میں وارڈوں کی کل تعداد کو 272 سے گھٹا کر 250 کر دیا ہے۔ اس کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔