نئی دہلی 12 نومبر ۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) انتخابات کے سلسلے میں ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی پر شدید حملہ کیا۔ ای ڈی اور سی بی آئی کی کارروائی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکرپٹ پی ایم او سے بھیجا جاتا ہے، وہی اسکرپٹ پڑھا جاتا ہے اور فلم بنتی ہے۔
آج کل ای ڈی اور سی بی آئی بالی ووڈ سے اچھی فلمیں بنا رہے ہیں۔ دوسری طرف منیش سسودیا کے فون بدلنے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے کچھ کیا ہے تو انہیں جیل بھیج دیں۔ ای ڈی اب فلم پروڈکشن کمپنی بن چکی ہے۔ ای ڈی کا ڈائریکٹر اب فلم ڈائریکٹر بن گیا ہے۔ کیجریوال نے سکیش چندر شیکھر کو بی جے پی کا اسٹار کمپینر بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں بی جے پی کا قومی صدر بنایا جانا چاہئے۔ تاکہ بی جے پی کی ریلی میں بھیڑ آ سکے۔
دہلی میں یوگا کلاسز جاری، وزیر اعلیٰ نے عام لوگوں سے تعاون طلب کیا
پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ نے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف جہاں دہلی حکومت دہلی کے لوگوں کے فائدے کے لیے اسکیمیں بنارہی ہے اور ان پر عمل آوری کررہی ہے وہیں دوسری طرف ایل جی ان اسکیموں کے نفاذ میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں ۔ کیجریوال نے کہا کہ ایل جی نے دہلی کے لوگوں کو یوگا کرنے کے لیے دہلی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی اسکیموں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
یوگا کلاس بھی 2 دن تک بند رہی۔ لیکن پھر عام لوگوں نے مل کر فیصلہ کیا، تب دہلی حکومت نے اپنے طور پر یوگا کی کلاسیں شروع کر دیں۔ اب سماج کے بہت سے لوگ حکومت کی اس اسکیم کو آگے بڑھانے میں تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ سب نے فیصلہ کیا کہ یوگا کلاس بند نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے۔