ادے پور، 21 نومبر ۔
ادے پور کے گوگنڈا تھانہ علاقے کے جھڈولی گاو ں میں والدین اور 4 بیٹوں کی لاشیں ملنے سے پورا گاو ں صدمے میں ہے۔ گھر کا دروازہ اندر سے بند ہونے کی اطلاع کی بنیاد پر پولیس ابتدائی طور پر اسے خودکشی کا معاملہ سمجھ رہی ہے۔
پولیس کے مطابق پیر کی صبح اطلاع ملی کہ جھڈولی گاو ں کے رہنے والے پرکاش کے پورے خاندان کی لاشیں گھر کے اندر سے ملی ہیں۔ پرکاش کی لاش بھی اس کی بیوی درگا اور چار بچوں گنیش، پشکر، روشن اور نوزائیدہ گنگارام کے ساتھ لٹکتی ہوئی ملی۔ پولیس کا اندازہ ہے کہ پرکاش نے بھی اپنی بیوی اور چاروں بچوں کو پھانسی لگا کر خودکشی کی ہو گی۔ فی الحال سب ڈویژنل آفیسر، تحصیلدار کے ساتھ پولیس افسران بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔