جموں ، 26 ستمبر
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے اپنی نئی پارٹی کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کا نام’ڈیموکریٹک آزاد پارٹی ‘ رکھا گیا ہے۔غلام نبی آزاد نے پیر کو جموں میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اپنی نئی پارٹی کے نام کا اعلان کیا۔ اس سے قبل انہوں نے گزشتہ ماہ کانگریس کے ساتھ اپنے پانچ دہائیوں سے زیادہ پرانا تعلق ختم کر دیا تھا۔ وہ اتوار کو تین روزہ دورے پر جموں پہنچے تھے۔

غلام نبی آزاد نے کہا کہ پارٹی کا نظریہ ان کے نام جیسا ہوگا اور تمام سیکولر لوگ اس میں شامل ہوسکتے ہیں۔ وہ پارٹی کا ایجنڈا پہلے ہی واضح کر چکے ہیں۔ اس میں جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنا، مقامی لوگوں کے لیے زمین اور ملازمتوں کے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھنا شامل ہے۔قابل ذکر ہے کہ غلام نبی آزاد 2 نومبر 2005 سے 11 جولائی 2008 تک جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ رہے۔ امرناتھ اراضی تحریک کی وجہ سے انہیں 2008 میں وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ کانگریس نے اسمبلی انتخابات میں 21 سیٹیں جیتی تھیں جب آزاد جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر تھے۔ اس کے نتیجے میں کانگریس ریاست کی دوسری سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری۔اس کے علاوہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی دوسری یو پی اے حکومت میں غلام نبی آزاد نے ملک کے وزیر صحت کا عہدہ سنبھالا۔ آزاد کئی اہم وزارتوں پر فائز رہے ہیں۔ وہ پی وی نرسمہا راو¿ کی حکومت میں پارلیمانی امور اور شہری ہوا بازی کے وزیر بھی رہے۔