نئی دہلی، 14 اکتوبر
الیکشن کمیشن نے جمعہ کے روزہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ ہماچل پردیش کی تمام 68 سیٹوں پر ایک ہی مرحلے میں انتخابات ہوں گے۔ ووٹنگ 12 نومبر کو ہوگی اور نتائج کا اعلان 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے یہاں وگیان بھون میں پریس کانفرنس میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔ اس موقع پر الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش میں ایک ہی مرحلے میں انتخابات ہوں گے۔ نوٹیفکیشن 17 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا۔ پرچہ ہنامزدگی 25 اکتوبر تک جمع کئے جاسکتے ہیں۔ اس کی جانچ 27 اکتوبر کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی 29 اکتوبر تک واپس لیے جا سکتے ہیں۔ ووٹنگ 12 نومبر کو ہوگی۔ انتخابی نتائج 8 دسمبر کو آئیں گے۔
ہماچل پردیش قانون ساز اسمبلی کی مدت 08 جنوری 2023 کو ختم ہو رہی ہے۔ ریاست کی 68 اسمبلی سیٹوں میں سے 17 درج فہرست ذاتوں اور تین درج فہرست قبائل کے لیے ریزرو ہیں۔ ریاست میں کل 55 لاکھ 7 ہزار 261 ووٹر ہیں۔ ان میں سے 67532 سروس ووٹرز اور 56001 معذور ووٹرز ہیں۔ 80 سال سے زیادہ عمر کے ووٹرز کی تعداد 122087 ہے اور 100 سال سے تجاوز کرنے والے ووٹرز کی تعداد 1184 ہے۔ 02 جنوری سے 01 اکتوبر کے درمیان 18 سال کے ہو نے والے 43173 ووٹرز ہیں ۔