پٹنہ، 6 دسمبر ۔
سنگاپور میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کے بعد آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کا پہلا ویڈیو منظر عام پر آیا ہے۔جس میں لالو یادو سب کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔بہت ہی مختصر جاری کی گئی ویڈیو میں لالو پرساد یادو نے سب کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ آپ لوگوں نےدعا کی ، اچھا محسوس کر رہے ہیں ‘‘ گزشتہ روز سنگاپور میں لالو یادو کے گردے کی پیوند کاری کی گئی۔ بیٹی روحانی آچاریہ نے اپنا ایک گردہ والد لالو یادو کو عطیہ کیا ہے۔
کڈنی ٹرانسپلانٹ کے بعد لالو یادو کی صحت میں مسلسل بہتری دکھائی دے رہی ہے۔ آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کا پیر کے روز گردے کی پیوند کاری کا آپریشن ہوا۔ جس کے بعد انہیں آپریشن تھیٹر سے آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ۔ لالو یادو کو کل ہی ہوش آیا تھا، انہوں نے اشارے سے سب کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ وہ اس وقت سنگاپور کے ماؤنٹ الزبتھ اسپتال میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔
منگل کے روز آپریشن کے بعد پہلی بار انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ صحت مند ہیں۔ لالو پرساد کا یہ ویڈیو ان کی بڑی بیٹی اور راجیہ سبھا کی رکن میسا بھارتی نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ نہ صرف بہار بلکہ ملک بھر سے ان کے حامی لالو یادو کی بہتر صحت کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ پوجا و حون سے لے کر مزار پر چادر پوشی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کی بیٹی روحانی آچاریہ کی بھی ملک بھر میں تعریف ہو رہی ہے۔