نئی دہلی واشنگٹن ، 15 اکتوبر
مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ عالمی مشکلات کے باوجود ہندوستانی معیشت تیزی سے ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی معیشت پٹری پر رہے گی اور مالی سال 2022-23 کے دوران 7 فیصد کی شرح سے ترقی کی توقع ہے۔
سیتارمن نے عالمی بینک پر زور دیا کہ وہ حکومت ہند کی طرف سے دی جانے والی سبسڈی کو ’یکطرفہ‘ نقطہ نظر سے نہ دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کمزور خاندانوں کو دی جانے والی ’نقصاندہ سبسڈی‘ اور’ٹارگیٹیڈ سپورٹ‘ کے درمیان فرق کرنا ضروری ہے۔ قبل ازیں وزیر خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر گیتا گوپی ناتھ کے ساتھ ملاقات کے دوران موجودہ عالمی منظر نامے اور اگلے سال ہندوستان کے جی20 گروپ کی صدارت سے متعلق مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر خزانہ سیتا رمن بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ، ورلڈ بینک اورجی- 20 ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینک کے گورنروں کی میٹنگ میں شرکت کے لیے امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔ ہندوستان یکم دسمبر 2022 سے 30 نومبر 2023 تک ایک سال کے لیے جی- 20 گروپ کا چیئرمین بننے جا رہا ہے۔ اس دوران وہ جی- 20 گروپ کے 200 سے زائد اجلاسوں کی میزبانی کریں گے۔