لکھیم پور-کھیری، 15 ستمبر .
اتر پردیش کے لکھیم پور-کھیری ضلع کے نگاسن تھانہ علاقے میں دو حقیقی بہنوں کے قتل کے سلسلے میں پولیس نے چھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس معاملہ کی گرفتاری کے سلسلے میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی بھی ہوا ہے۔ اس کی ٹانگ میں گولی لگی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ کل چھ افراد نے مل کر اس پورے واقعے کو انجام دیا اور دونوں بہنوں کو ان کی شناخت ظاہر ہونے کے خوف سے قتل کر دیا ۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ سنجیو سمن نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں چھ ملزمان کی گرفتاری کی اطلاع دی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ قتل کے اس معاملے میں دونوں بہنے چھوٹو نامی ملزم کے ساتھ گئی تھیں جس کے بعد ان کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے جن چھ افراد کو گرفتار کیا ہے ان میں چھوٹو، سہیل، جنید، حفیظ اللہ کریم الدین، عارف کے نام شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق اسی معاملہ میں جھنڈی چوکی کے علاقے میں تصادم کے دوران ایک ملزم جنید زخمی ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم جمعرات کی صبح کیا گیا۔ تین ڈاکٹروں کے پینل نے پوسٹ مارٹم کیا۔ بدھ کی شام دیر گئے دونوں بہنوں کی لاشیں ایک درخت سے مشتبہ حالات میں لٹکی ہوئی پائی گئیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ان کا گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری بھی کی گئی۔