نئی دہلی، 28 اگست(نمائندہ)۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کوحسب سابق اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ‘من کی بات’ میں متعدد مسائل پر گفتگو کی ۔آج کے من کی بات میں وزیر اعظم نے لوگوں سے موٹے اناج کو اپنانے کی اپیل کی اور کہا کہ موٹے اناج صحت کے لیے فائدہ مند ہیں اور کسانوں بالخصوص چھوٹے کسانوں کے لیے مالی طور پر فائدہ مند ہیں۔ اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ‘من کی بات’ کے 92 ویں ایڈیشن میں، وزیر اعظم نے ‘ڈیجیٹل انڈیا’ کے تحت ملک میں انٹرنیٹ کی سہولیات کی توسیع، ‘امرت سروور’ کی تعمیر ایک عوامی تحریک بننے اور اس لڑائی میں سماجی بیداری پر زور دیا۔ انہوں نے غذائی قلت کے خلاف تفصیلی گفتگو کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان دنیا میں موٹے اناج کا سب سے بڑا پیدا کرنے والا ملک ہے اور اسے فروغ دینے کے لئے اقوام متحدہ کے اقدام کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری ہندوستان کے لوگوں کے کندھوں پر ہے۔ ہم سب کو مل کر اسے ایک عوامی تحریک بنانا ہے اور ملک کے لوگوں میں موٹے اناج کے بارے میں بیداری بھی بڑھانا ہے۔ موٹا اناج کاشتکاروں خصوصاً چھوٹے کسانوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ انہوں نے زیادہ سے زیادہ موٹے اناج کو اپنانے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے سال 2023 کو جواروں کا بین الاقوامی سال قرار دینے کی قرارداد منظور کی ہے۔ ہندوستان کی اس تجویز کو 70 سے زیادہ ممالک کی حمایت حاصل ہوئی۔ آج پوری دنیا میں موٹے اناج کا جوش بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ‘موٹے اناج’ جیسے باجرہ، جو، جوار کو سپر فوڈز کے زمرے میں رکھا جا رہا ہے۔ ملک میں باجرے کو فروغ دینے کے لیے بہت کچھ کیا جا رہا ہے۔ اس سے متعلق تحقیق اور اختراعات پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ فارمر پروڈیوسر تنظیموں کو پیداوار بڑھانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ‘ڈیجیٹل انڈیا’ کے تحت ملک میں انٹرنیٹ سہولیات کی توسیع کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک انٹرنیٹ جیسی سہولت صرف بڑے شہروں میں دستیاب تھی لیکن اب یہ سہولت مشن کے ذریعے دیہاتوں تک پہنچ رہی ہے۔ اس کی وجہ سے ملک میں نئے ڈیجیٹل انٹرپرینیور پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اروناچل پردیش کے سیانگ ضلع کے جورسنگ گاو¿ں میں یوم آزادی پر شروع کی گئی 4G انٹرنیٹ خدمات کی مثال دی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پہلے گاو¿ں میں بجلی دستیاب تھی، وہی خوشی اب 4G انٹرنیٹ سروس آنے سے ہے۔