نئی دہلی، 12 ستمبر۔
خواتین اور چھوٹے کسانوں کو ہندوستان کے ڈیری سیکٹر کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ان کی وجہ سے ہندوستان دنیا میں ڈیری مصنوعات کا سب سے بڑا پیدا کرنے والا ملک بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ڈیری کوآپریٹیو کی اسٹڈی، ڈیری سیکٹر میں تیار کردہ ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام وغیرہ کئی ممالک کے کسانوں کے لیے بہت مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔
وزیر اعظم مودی پیر کو انڈیا ایکسپو سینٹر اینڈ مارٹ، گریٹر نوئیڈا میں انٹرنیشنل ڈیری فیڈریشن ورلڈ ڈیری کانفرنس (آئی ڈی ایف ڈبلیو ڈی ایس) 2022 کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ 15 ستمبر تک جاری رہنے والی یہ کانفرنس ‘غذائیت اور معاش کے لیے ڈیری’ تھیم پر مرکوز ہے۔ اس میں 50 ممالک سے تقریباً 1500 شرکاء حصہ لے رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیری سیکٹر نہ صرف دیہی معیشت کو مضبوط کر رہا ہے بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں کی روزی روٹی کا اہم ذریعہ بھی ہے۔ چھوٹے کسانوں کو ہندوستان میں ڈیری سیکٹر کی محرک قوت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ڈیری سیکٹر سے 8 کروڑ خاندانوں کو روزگار مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے پیمانے پر ڈیری فارمرز کی اجتماعی کوششوں سے ہندوستان دنیا میں ڈیری مصنوعات کا سب سے بڑا پیدا کرنے والا ملک بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی وجہ سے ڈیری سیکٹر نے ترقی کی ہے۔ ہندوستان کے ڈیری کوآپریٹیو اسٹڈی، ڈیری سیکٹر میں تیار کردہ ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام وغیرہ کئی ممالک کے کسانوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ دنیا کے کئی معاشی طور پر کمزور ممالک کے کسانوں کے لیے بزنس ماڈل بن سکتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیری سیکٹر کی صلاحیت نہ صرف دیہی معیشت کو تقویت دیتی ہے بلکہ یہ دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کی روزی روٹی کا ایک بڑا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک کے برعکس ہندوستان میں ڈیری سیکٹر کی اصل طاقت چھوٹے کسان ہیں۔ ہندوستان کے ڈیری سیکٹر کی خصوصیت بڑے پیمانے پر پیداوار سے زیادہ لوگوں کے ذریعہ پیداوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں ڈیری کوآپریٹیو کا اتنا وسیع نیٹ ورک ہے جس کی مثال پوری دنیا میں ملنا مشکل ہے۔ یہ ڈیری کوآپریٹیو ملک کے دو لاکھ سے زیادہ دیہاتوں میں تقریباً 20 ملین کسانوں سے دن میں دو بار دودھ اکٹھا کرتے ہیں اور اسے گاہکوں تک پہنچاتے ہیں۔ اس پورے عمل میں کوئی درمیانی آدمی نہیں ہے اور صارفین سے حاصل ہونے والی رقم کا 70 فیصد سے زیادہ کسانوں کی جیبوں میں جاتا ہے۔ پوری دنیا میں کسی اور ملک میں اتنا زیادہ تناسب نہیں ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خواتین ہندوستان کے ڈیری سیکٹر میں 70 فیصد افرادی قوت کی نمائندگی کرتی ہیں۔ خواتین ہندوستان کے ڈیری سیکٹر کی حقیقی رہنما ہیں۔ یہی نہیں، ہندوستان میں کوآپریٹو سوسائٹیوں میں ایک تہائی سے زیادہ خواتین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2014 سے ہماری حکومت نے ہندوستان کے ڈیری سیکٹر کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے انتھک محنت کی ہے۔ آج اس کا نتیجہ دودھ کی پیداوار سے لے کر کسانوں کی آمدنی میں اضافہ تک نظر آرہا ہے۔ 2014 میں ہندوستان نے 146 ملین ٹن دودھ پیدا کیا۔ اب یہ بڑھ کر 210 ملین ٹن ہو گیا ہے یعنی تقریباً 44 فیصد اضافہ۔