Monday, September 25, 2023
الرئيسيةUncategorizedبہت یاد آئیں گے 'گجودھر بھیا'۔

بہت یاد آئیں گے ‘گجودھر بھیا’۔

ممبئی،21ستمبر

کامیڈی کی دنیا میں ‘گجودھر بھیا’ کے نام سے مشہور راجوسریواستو اس دار فانی کو کو الوداع کہہ چکے ہیں۔ جم میں ٹریڈمل پر دوڑتے ہوئے انہیں سینے میں درد محسوس ہوا اور وہ بے ہوش ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر ایمس اسپتال لایا گیا لیکن ان کی صحت بہتر ہونے کے بجائے بگڑتی ہی چلی گئی ۔ 40 دن کے مسلسل علاج کے بعد بھی وہ بدھ کی صبح کوما کی حالت میں زندگی کی جنگ ہار گئے۔

زیادہ تر عام آدمی اور روزمرہ کے چھوٹے چھوٹے واقعات پر مبنی مزاحیہ طنزیہ کہنے والے راجو سریواستو 25 دسمبر 1963 کو پیدا ہوئے۔ اتر پردیش کے اناو¿ ضلع کے رہنے والے راجو کا بچپن کا نام ستیہ پرکاش تھا، لیکن دنیا انہیں راجو سریواستو کے نام سے جانتی ہے۔ راجو کے والد کانپور کے ایک مقبول شاعر تھے اور اپنے طنز و مزاح سے لوگوں کو محظوظ کیا کرتے تھے۔ راجو کو بچپن سے ہی کامیڈی کا شوق تھا۔

راجو نے اپنی کامیڈی سے لوگوں کو ہنسانے کے لیے کافی پاپڑ بیلے۔راجو اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے ممبئی چلے گئے، لیکن اس خواب کو حقیقت بنانا اتنا آسان نہیں تھا جتنا انہوں نے سوچا تھا۔ یہاں انہیں کئی دنوں تک غربت کی زندگی گزارنی پڑی۔ یہاں تک کہ راجو نے اپنا پیٹ بھرنے کے لیے آٹو بھی چلایا۔ انہوں نے شاید خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ آٹو چلاتے وقت انہیں کیریئر ملے گا۔ دراصل، انہیں پہلا بریک ان کے آٹو میں بیٹھی ایک سواری کی وجہ سے ملا۔ اس کے بعد انہیں آہستہ آہستہ لائیو کامیڈی شوز ملنےلگے، جس کے لیے انہیں 50 روپے فیس ملتی تھی۔

راجو شریواستو نے اپنے کیرئیر کا آغاز ٹی وی شو ‘ٹی ٹائم منورنجن’ سے کیا لیکن انھیں اصل شناخت شو ‘دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج’ سے ملی۔ اس شو میں انہوں نے اتر پردیش کی ثقافت کے ایسے رنگ دکھائے کہ لوگ ہنس پڑے۔ اس شو میں انہوں نے ‘گجودھر بھیا’ نام کے ایک کردار کو بھی دنیا سے متعارف کرایا۔ حالانکہ اس شو میں راجو رنر اپ تھے، لیکن ناظرین نے انہیں اسی وقت ‘دی کنگ آف کامیڈی ‘ کا خطاب دے دیا۔

سریواستو نے کلیان جی آنند جی، بپی لہڑی اور نتن مکیش جیسے نامور موسیقاروں کے ساتھ ہندوستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک میں کام کیا ہے۔ راجو سریواستو نے بڑے بجٹ کی فلموں میں کام کیا جیسے میں نے پیار کیا، بازیگر، آمدنی اٹھنی خرچہ روپیہ، میں پریم کی دیوانی، بگ برادر۔ انہوں نے بگ باس 3 میں حصہ لے کر تقریباً دو ماہ تک گھر میں سب کو گدگدایا۔ جب تک راجو اس شو کا حصہ تھے، اس کی ٹی آر پی بہت زیادہ تھی۔ لوگ اس کے ا سپاٹ ردعمل ، حاضرجوابی اورممکری سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ 2013 میں، راجو نے اپنی بیوی شیکھا سریواستو کے ساتھ نچ بلیے سیزن 6 میں حصہ لیا۔ لوگوں نے ان کی جوڑی کو خوب سراہا۔ راجو سریواستو نے اپنے ایک لائیو کامیڈی شو کے دوران انڈر ورلڈ ڈان داود ابراہیم اور پاکستان پرپنچ سنا کر لوگوں کو گدگدایا لیکن اس شو کے بعد انہیں پاکستان سے دھمکی آمیز کالز موصول ہوئیں اور خبردار کیاگیا کہ وہ آئندہ ان پر کسی قسم کی کامیڈی نہ کریں۔

راجو کی مقبولیت کو کیش کرنے کے لیے، سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے انہیں 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں کانپور سے میدان میں اتارا، لیکن 11 مارچ 2014 کو سریواستو نے یہ کہتے ہوئے ٹکٹ واپس کر دیا کہ انہیں پارٹی کی مقامی اکائیوں سے کافی حمایت نہیں مل رہی ہے ۔ انہوں نے 19 مارچ 2014 کو بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ انہیں وزیر اعظم نریندر مودی نے ‘سوچھ بھارت ابھیان’ کا حصہ بننے کے لیے بھی نامزد کیا تھا۔

RELATED ARTICLES

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا

Most Popular

Recent Comments