Thursday, September 21, 2023
الرئيسيةUncategorizedشیخ حسینہ نے حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے درگاہ پر دی...

شیخ حسینہ نے حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے درگاہ پر دی حاضری

اجمیر، 8 ستمبر:

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے جمعرات کی سہ پہر تین بجے یہاں صوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر حاضری دی اور پھول اور مخمل کی چادر چڑھا کرنذرانہ عقیدت پیش کیا۔

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم کے ساتھ ان کی کابینہ کے 30 سے زائد وزرا اور رشتہ دار بھی تھے۔ زیارت کے دوران درگاہ کے خدام اور دیگرشخصیات بھی موجود تھیں۔ شیخ حسینہ نے درگاہ کمیٹی کے خصوصی نوٹ بک میں بنگلہ دیشی زبان میں اپنا پیغام لکھا۔ اس کے بعد ان کے ساتھ آنے والے وفد کی دستاربندی کی گئی۔ درگاہ میں ایک گھنٹہ گزارنے کے بعد شیخ حسینہ کا قافلہ روانہ ہوا۔

وزیر اعظم شیخ حسینہ دوپہر ایک بجے سڑک کے ذریعے جے پور سے اجمیر پہنچیں اور پھر زیارت کے لیے درگاہ پہنچیں۔ اجمیر پہنچنے پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے کلکٹر انش دیپ اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے آئی جی روپندر سنگھ نے گلدستے پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ درگاہ پہنچنے پر نظام گیٹ پر درگاہ کمیٹی، انجمن اور درگاہ دیوان نے ان کا استقبال کیا اور تبرکات پیش کئے۔

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے دورہ اجمیر کے لئے سیکورٹی کے وسیع ترانتظامات کئے گئے تھے۔ ہزاروں پولیس اہلکاروں کے علاوہ جے پور تا اجمیر روڈ پر کئی اعلیٰ افسران تعینات تھے۔ سرکٹ ہاؤس سے درگاہ جانے والے راستے کی تمام سڑکیں عوام کے لیے بند کر دی گئیں۔ درگاہ بازار میں دکانیں اور دیگر کاروباری ادارے بند کر دئے گئے۔

خادم درگاہ سید کلیم الدین چشتی نے بتایا کہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کئی بار اجمیر میں خواجہ غریب نواز کے مزار پر حاضری دے چکی ہیں۔ وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے سال 1996، 2010 اور 2017 میں وہ اجمیر شریف کی درگاہ پر آئی تھیں۔ شیخ حسینہ 1975 سے 1980 تک دہلی میں رہتی تھیں۔ اس دوران وہ اجمیر درگاہ پر بھی جاتی رہیں۔ وہ چوتھی بار وزیر اعظم کے طور پر اجمیر درگاہ آئی ہیں۔ شیخ حسینہ بھارت کے چار روزہ دورے پر ہیں۔ جمعرات کو ان کے دورے کا آخری دن تھا۔

RELATED ARTICLES

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا

Most Popular

Recent Comments